15 ستمبر 2014 - 13:57
امریکی شہری کو چھ سال کی سزا

شمالی کوریا کی ایک عدالت نے 24 سال کے ایک امریکی شہری کو چھ سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق میتھیو ملر نامی امریکی شہری کو اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا اور اتوار کو اسے سیاح کی شکل میں ملک میں داخل ہونے اور جاسوسی سرگرمیاں انجام دینے کے الزام میں چھ سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

امریکا میں كیليفورنيا ریاست کے رہنے والے ملر نے 10 اپریل کو کوریا کے سفر کا آغاز کیا۔ ملر نے اس سفر کا انتظام کرنے والی کمپنی کے عملے کے ساتھ جانے کے بجائے صرف شمالی کوریا کے گائڈوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کا پروگرام بنایا تھا۔  مبینہ طور پر ملر نے اپنا ویزا پھاڑ کر پھینک دیا اور یہ کہہ دیا کہ وہ سیاح نہیں ہے۔

شمالی کوریا نے ملر اور دو دیگر امریکی قیدیوں کو سی این این کو انٹرویو دینے کی اجازت دے دی تھی لیکن انٹرویو میں ملر نے ویزا پھاڑنے کا سبب نہیں بتایا۔ انٹرویو میں ملر نے امریکی حکومت سے اپیل کی کہ اس کی مدد کرے اور واشنگٹن کے حکام پر الزام لگایا کہ وہ اس کے معاملے میں صحیح طریقے سے مدد نہیں کر رہے ہیں۔ ملر نے کہا کہ شمالی کوریا پہنچنے سے پہلے ہی وہ قانون توڑنے کی تیاری کر چکا تھا اور اسے پتہ تھا کہ اسے گرفتار کیا جائے گا۔

.......

/169